پاکستانی فوج کے سابق سربراہ جنرل (ریٹائرڈ) راحیل شریف کو دہشت گردی کے خلاف 39 مسلم ممالک کے اتحاد کا سربراہ مقرر کر دیا گیا ہے۔ مقامی ٹی وی کے ایک پروگرام میں بات کرتے ہوئے وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف نے تصدیق کی کہ چند دن قبل اس حوالے سے معاہدہ طے پایا گیا ہے تاہم انھیں فی الوقت اس معاہدے کی تفصیلات معلوم نہیں ہیں۔ خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ یہ فیصلہ حکومت کو اعتماد میں لینے کے بعد کیا گیا ہے۔
وفاقی وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ ایسی تعیناتیوں کے لیے حکومت اور جنرل ہیڈکوارٹرز سے کلیئرنس کی ضرورت ہے اور یہ تعیناتی حکومتی منشا اور جی ایچ کیو کی کلیئرنس کے بعد ہوئی، تاہم اس حوالے سے مزید تفصیلات ان کے علم میں نہیں ہیں۔ خیال رہے کہ دسمبر 2015 میں دہشت گردی سے نمٹنے کے لیے پاکستان سمیت 30سے زائد اسلامی ممالک نے سعودی عرب کی قیادت میں ایک فوجی اتحاد تشکیل دینے کا اعلان کیا گیا تھا۔ اس اتحاد میں ابتدائی طور پر 34 ممالک تھے تاہم بعدازاں ان کی تعداد 39 ہوگئی۔ اسلامی ممالک کے فوجی اتحاد میں مصر، قطر اور عرب امارات جیسے کئی عرب ممالک کے ساتھ ساتھ ترکی، ملائشیا، پاکستان اور افریقی ممالک شامل ہیں۔
0 Comments