Pakistan

6/recent/ticker-posts

پاکستان اور روس کی مشترکا کمانڈوز مشقیں شروع ہو گئیں

پاکستان اور روس کے درمیان دو ہفتوں پر محیط مشترکہ فوجی مشقوں کا آغاز روس میں ہو گیا ہے۔ ’’دروزبہ‘‘ نامی یہ مشقیں روس کے شہر منرالینی میں ہو رہی ہیں۔ پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ 'آئی ایس پی آر' کے مطابق ان مشترکہ فوجی مشقوں کی افتتاحی تقریب میں دونوں ملکوں کی اسپیشل فورسز کے سینیئر افسران شریک ہوئے۔ انسدادِ دہشت گردی کے آپریشن، یرغمال بنائے گئے افراد کی بازیابی اور سرچ آپریشن سے متعلق کارروائیاں ان فوجی مشقوں کا محور ہیں۔ آئی ایس پی آر کے بیان کے مطابق مشترکہ فوجی مشقوں سے دونوں ملکوں کے درمیان عسکری روابط مزید مضبوط ہوں گے اور پاکستان دہشت گردی کے خلاف کارروائیوں سے متعلق اپنے تجربے کا تبادلہ روسی فورسز سے کرے گا۔

گزشتہ سال ستمبر میں پاکستان اور روس کے درمیان پہلی مشترکہ فوجی مشقیں پاکستان میں ہوئی تھیں، جسے دونوں ممالک کے درمیان بہتر ہوتے عسکری تعلقات کے لیے اہم قرار دیا گیا تھا۔ دونوں ملکوں کے تعلقات میں 2014ء کے بعد سے نمایاں بہتری آئی ہے۔ اسی سال روس نے پاکستان کو ہتھیاروں کی فراہمی پر عائد پابندی اٹھا لی تھی جس کے بعد ماسکو نے اسلام آباد کو لڑاکا ہیلی کاپٹروں کی فراہمی کے معاہدے پر دستخط بھی کیے تھے۔ پاکستان کی وزارت خارجہ کے ترجمان نفیس ذکریا نے گزشتہ ہفتے ہی نیوز بریفنگ میں بتایا تھا کہ پاکستانی فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ کا اکتوبر کے پہلے ہفتے میں روس کا دورہ طے ہے۔ اس دورے میں بھی دفاع کے شعبے میں باہمی تعاون بڑھانے پر بات چیت کی جائے گی۔
 

Post a Comment

0 Comments