Pakistan

6/recent/ticker-posts

کوئی طاقت پاکستان کا بال بیکا نہیں کر سکتی، آرمی چیف

پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ دھمکانے والے سن لیں جس ملک میں عظیم والدین اور بہادر بیٹے ہوں کوئی بھی اس کا بال بیکا نہیں کر سکتا، ایسی فوج کا سربراہ ہوں جس کے جوان ہر دم وطن کیلئے جان دینے کو تیار ہیں، کوئی رقم ان بہادروں کی حب الوطنی اور قربانیوں کی قیمت نہیں چکا سکتی، ہمارے شہداء کی قربانیاں ہی ہمیں پر امن اور مستحکم پاکستان کی جانب لے جا رہی ہیں ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کرک کے علاقے گڑھ خیل میں مادر وطن پر 3 بیٹے اور 2 بھتیجے قربان کرنیوالے محمدعلی خان کے گھر آمد کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا اور انہیں زبردست خراج تحسین پیش کیا.

جبکہ اپنے دورہ شمالی وزیرستان میں آرمی چیف نے پاک افغان سرحد میں حال ہی میں تعمیر قلعوں اور نصب کی گئی آہنی باڑ کا جائزہ لیا اور میرانشاہ میں یادگار شہدأ پر حاضری دی اور پھولوں کی چادر چڑھائی۔ تفصیلات کے مطابق پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر ) کے مطابق پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے شمالی وزیر ستان ایجنسی کا دورہ کیا اور میرانشاہ میں شہداء یادگار پر حاضری دی اور پھولوں کی چادر چڑھائی۔ جنرل آفیسر کمانڈنگ (جی او سی) میرانشاہ نے سلامتی کی صورتحال‘ عارضی طور پر نقل مکانی کرنے والے افراد کی بحالی کے لئے ایجنسی میں سماجی اقتصادی ترقی کے منصوبوں کے حوالے سے بریفنگ دی ۔

پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے پاک افغان سرحد میں حال ہی میں تیار کیے گئے قلعوں اور نصب کی گئی آہنی باڑ کے جائزہ کے لئے دورہ کیا۔ جنرل قمر جاوید باجوہ نے سرحدی سکیورٹی کے لئے فارمیشن کی جانب سے تیز رفتاری کیلئے معیاری کام کرنے کے عمل کو سراہا۔ کور کمانڈر پشاور لیفٹیننٹ جنرل (ر) نذیر احمد بٹ بھی اس موقع پر موجود تھے ۔ بعد ازاں آرمی چیف شمالی وزیرستان کے دورے کے دوران کرک کے علاقے گڑھ خیل میں محمد علی خان کے گھر پہنچے، ان کے 6 بچے پاک فوج کا حصہ رہے ٗ3 نے مادر وطن کیلئے جام شہادت نوش کیا ان کے 2 بھتیجے بھی شہید ہو چکے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ پاکستان کو دھمکانے والی بیرونی قوتیں سمجھ لیں ،جس قوم کے پاس ایسے والدین اور بچے ہوں ان کا کوئی بال بیکا بھی نہیں کر سکتا ۔

ان کا کہناتھاکہ وہ ایسی فوج کے چیف ہیں جس کے جوان ہر وقت ملک پر جان قربان کرنے کو تیار رہتے ہیں۔آرمی چیف نے کہا کہ کوئی رقم ان بہادروں کی حب الوطنی اور قربانیوں کی قیمت نہیں چکا سکتی ،ان کی قربانیاں ہی ہمیں پرامن اور مستحکم پاکستان کی طرف لے جارہی ہیں۔ جیو نیوز کے مطابق آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ محمدعلی نےدورہ کرنےاورگاؤں کیلئے فلاحی پیکیج دینے پر آرمی چیف کا شکریہ ادا کیا۔

Post a Comment

0 Comments