دبئی کے بین الاقوامی ایئرپورٹ پر 16 ویں دبئی ایئر شو میں پاک فضائیہ کے جے ایف 17 تھنڈر طیاروں کی شاندارفضائی کارکردگی نے تماشائیوں کو حیران کر دیا۔ پاک فضائیہ کے پائلٹ کے شاندار کرتب نے شو دیکھنے کے لیےآنے والے شائقین پر سحر طاری کر دیا، جس کے بعد طیارے کو واپس لینڈ کرایا گیا تو عوام نے اسے خوب سراہا۔ دنیا کے سب سے بڑا ایئر شو اس وقت دبئی میں ہو رہا ہے جس کی 5 روزہ تقریب میں پاکستان ایرو ناٹیکل کمپلیکس کی جانب سے بھی اسٹال لگایا گیا جہاں جے ایف 17 تھنڈر کو دیکھنے کے لیے عوام اور خریداروں کا رش لگا رہا۔ دبئی ایئر شو کی افتتاحی تقریب میں ایئر مارشل احمر شہزاد اور چیئرمین پاکستان ایروناٹیکل کمپلیکس بھی موجود تھے۔ تقریب میں پاکستان کی جانب سے جدید صلاحیت سے آراستہ سپر مشاک طیارہ بھی شائقین کی توجہ کا مرکز بنا رہا۔
جے ایف 17 تھنڈر طیارے نئی خصوصیات اور جدید آلات سے آراستہ جے ایف 17 تھنڈر طیارے پاکستان اور چین کے اشراک سے تیار کیے گئے ہیں۔ چین کے ٹیکنیشنز کی مدد سے پاکستان میں تیار کئے جانے والے جے ایف 17 تھنڈر کم وزن ملٹی رول طیارے ہیں جو کہ آواز کی رفتار سے دوگنا زیادہ رفتار سے 55000 فٹ کی بلندی تک پرواز کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ ان طیاروں کی تیاری کا آغاز 1999 میں ہوا تھا اور اس کی پہلی آزمائشی 2003 میں کی گئی تھی۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ پاکستانی جے ایف 17 تھنڈر طیاروں کی خریداری میں دیگر ممالک کی دلچسپی کی بنیادی وجہ اس کی قیمت ہے جو کہ امریکی ایف 16 سے 16 سے 18 لاکھ ڈالر کم ہے۔ جے ایف 17 تھنڈر بلاک ٹو طیارے فضا میں ری فیولنگ، ڈیٹا لنک، توسیعی الیکٹرانک وارفیئر اور زیادہ وزن اٹھانے کی صلاحیت کے حامل ہیں۔ یاد رہے کہ جے ایف 17 تھنڈر طیاروں کی ایک بڑی تعداد پاک فضائیہ کے فضائی بیڑے میں شامل کی جا چکی ہے۔
0 Comments