Pakistan

6/recent/ticker-posts

پاکستان فضائیہ میں آگسٹا ہیلی کاپٹروں کے سکوارڈن کا قیام

فضائیہ کے سرچ اینڈ ریسکیو سکواڈرن میں جدید ٹیکنالوجی کے حامل آگسٹا ہیلی کاپٹر کی شمولیت کے بعد اسکواڈرن کا نام تبدیل کر کے نمبر 88 کومبیٹ سپورٹ سکواڈرن اینڈ ایڈوانسڈ ہیلی کاپٹر ٹریننگ سکول رکھ دیا گیا ہے۔ پاک فضائیہ کے جیکب آباد میں واقع پی اے ایف بیس شہباز پر اس موقع پر ایک تقریب کا اہتمام کیا گیا۔ ائیر چیف مارشل سہیل امان نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دنیا میں تمام سرچ اینڈ ریسکیو پلیٹ فارمز کا باریک بینی سے جائزہ لینے کے بعد AW-139 کا انتخاب کیا گیا جو فضائیہ کی حربی ضروریات کو پورا کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے۔

ان کے مطابق جدید ٹیکنالوجی کے حامل ہیلی کاپٹر کی شمولیت پاک فضائیہ کو جدت پسندی کی راہ پر گامزن کرنے کے غیر متزلزل عزم کا اعادہ ہے۔ سربراہ فضائیہ کے مطابق یہ اضافہ پاک فضائیہ کی جنگی استعداد کار کو بڑھانے کے لیے اہم ہے۔ آگسٹا ہیلی کاپٹر مختلف طرح کی حربی صلاحیتوں کا حامل ہے۔ پاک فضائیہ کے ہیلی کاپٹرز کے بیڑے کی صلاحیتوں کو اکیسویں صدی کے خطوط پر استوار کرنا ناگزیر ہو چکا تھا۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس ہیلی کاپٹر کی شمولیت سے فضائیہ نے رات کے اندھیرے اور سمندر میں سرچ اور ریسکیو کی بہتر صلاحیت بھی حاصل کر لی ہے۔

فضائیہ کے سربراہ کے مطابق آگسٹا ہیلی کاپٹرکی شمولیت اس سکواڈرن کی آپریشنل استعداد کار کو بڑھانے میں نمایاں کردار ادا کرے گی جو پہلے MI-171 سے لیس تھا۔ ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ یہ اسکواڈرن فضائیہ کا پہلا اسکواڈرن ہے جس میں آگسٹا ہیلی کاپٹر شامل کیا گیا ہے۔ تقریب میں اعلیٰ فوجی و سول عہدیداران نے بھی شرکت کی۔
 

Post a Comment

0 Comments