Pakistan

6/recent/ticker-posts

پاکستانی فوج : انڈیا ہمارا عزم آزمانا چاہتا ہے تو آزما لے اس کا نتیجہ وہ خود دیکھے گا

پاکستانی فوج کے ادارے آئی ایس پی آر کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل آصف غفور نے کہا ہے کہ انڈیا کو جو چیز روک رہی ہے وہ ہماری قابل بھروسہ جوہری صلاحیت ہے تاہم وہ ہمارا عزم آزمانا چاہتا ہے تو آزما لے لیکن اس کا نتیجہ وہ خود دیکھے گا۔ پاکستان کے سرکاری ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے میجر جنرل آصف غفور نے کہا 'چیف آف آرمی سٹاف ایک انتہائی اہم تقرری ہوتی ہے اور فور سٹار وہ رینک ہے جس میں تمام عمر کا تجربہ اور پختگی شامل ہوتی ہے، لہٰذا اس قسم کا غیر ذمہ دارانہ بیان اتنے اہم اور ذمہ دار عہدے والے افسر کو زیب نہیں دیتا ہے۔‘

ایک سوال کے جواب میں میجر جنرل آصف غفور نے کہا 'انڈیا ہمارا عزم آزمانا چاہتا ہے تو آزما لے لیکن اس کا نتیجہ وہ خود دیکھے گا۔ پاکستان کی جوہری صلاحیت مشرق کی جانب سے آنے والے خطرات کے لیے ہے، جبکہ پاکستان کی جوہری صلاحیت حملے کے لیے نہیں بلکہ دفاع کے لیے ہے۔‘ ڈی جی آئی ایس پی آر نے پاکستان کو جوہری دھوکا کہنے کے انڈین آرمی چیف کے بیان کو بچکانہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایک ذمہ دار افسر کی جانب سے ایسا غیر ذمہ دارانہ بیان انتہائی نامناسب ہے۔

واضح رہے کہ انڈیا کے آرمی چیف نے ایک بیان میں کہا تھا کہ اگر حکومت نے حکم دیا تو انڈین آرمی سرحد پار کر کے پاکستان میں آپریشن کرنے سے نہیں ہچکچائے گی۔ 'پاکستان کی جوہری صلاحیت ایک فریب ہے، اگر ہمیں واقعی پاکستانیوں کا سامنا کرنا پڑا اور ہمیں یہ ٹاسک دیا گیا تو ہمیں یہ نہیں کہیں گے کہ چونکہ پاکستان کے پاس جوہری ہتھیار ہیں اس لیے ہم سرحد پار نہیں کر سکتے۔‘ ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا تھا 'اگر انڈیا روایتی طریقوں سے پاکستان پر غالب آنے کی صلاحیت رکھتا تو اب تک ایسا کر چکا ہوتا، انڈیا کو جو چیز روک رہی ہے وہ ہماری قابل بھروسہ جوہری صلاحیت ہی ہے۔‘

میجر جنرل آصف غفور نے کہا 'ہم ایک پیشہ ورانہ آرمی، ذمہ دار جوہری ریاست اور بیدار قوم ہیں، جو کسی فریب کا شکار نہیں ہے۔‘ دوسری جانب پاکستان کے وزیر خارجہ خواجہ آصف نے انڈین آرمی چیف کے بیان کو جوہری تصادم کو دعوت دینے کے برابر قرار دے دیا۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹویٹ کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا 'انڈین آرمی چیف نے انتہائی غیر ذمہ دارانہ بیان دیا جو ان کے عہدے کو زیب نہیں دیتا، تاہم اگر انڈیا کی خواہش ہے تو ہمارے عزم کو آزما لے، انشاء اللہ بھارتی جنرل کا شک دور کر دیا جائے گا۔'
 

Post a Comment

0 Comments