پاکستان میں پاک فوج کے ترجمان ادارے، آئی ایس پی آر کے مطابق پاکستان نے سب میرین لانچ کروز میزائل بابر کے ذریعے ’’ہدف کو درست نشانہ بنانے کا ایک اور کامیاب تجربہ کیا ہے‘‘۔ ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ ’’ملکی سطح پر بہتر بنایا گیا کروز میزائل بابر قابل بھروسہ اور سیکنڈ اسٹرائیک کی صلاحیت کا حامل میزائل ہے جو 450 کلومیٹر کے فاصلے تک اپنے ہدف کو تباہ کر سکتا ہے‘‘۔ بتایا گیا ہے کہ ’’زیرآب آبدوز سے فائر کیے گئے اس کروز میزائل نے تمام مقررہ پیرامیٹرز کے مطابق، کامیابی سے اپنے ہدف کو نشانہ بنایا‘‘۔
آئی ایس پی آر کی جانب سے اس تجربہ کی فوٹیج بھی جاری کی گئی ہے جس میں زیرآب میزائل حرکت کرتا ہوا نظر آتا ہے جس کے بعد یہ میزائل پانی سے نکل کر پرواز کرتا ہوا خشکی پر اپنے ٹارگٹ کو نشانہ بناتا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ ’’یہ میزائل مختلف اقسام کے روایتی اور غیر روایتی ہتھیار لے جانے کی صلاحیت رکھتا ہے‘‘۔ میزائل فائر کرنے کے موقع پر ڈائریکٹر جنرل اسٹریٹجک پلانز ڈویژن، چیئرمین نیسکام، کمانڈر نیول اسٹریٹجک فورس کمانڈ، اعلیٰ حکام، سائنس دان اور انجینئرز موجود تھے۔
0 Comments