Pakistan

6/recent/ticker-posts

فتح ون میزائل کا کامیاب تجربہ

قیامِ پاکستان کے ابتدائی برسوں سے ہی پڑوسی ملک بھارت کی ریشہ دوانیوں کا سامنا کرنے کے باعث وطنِ عزیز کو دفاعی شعبہ پر زیادہ توجہ مرکوز رکھنا پڑی یہی وجہ ہے کہ کم و بیش ہر حکومت کے دور میں اقتصادی مشکلات آتی رہیں مگر اللہ کے فضل و کرم اور ہماری افواج کی جری صلاحیتوں کے سبب دفاعی میدان میں ایٹمی طاقت بننے سمیت ترقی کی کئی منازل طے ہوئیں اور مختلف نئے دفاعی تجربوں کے ساتھ یہ سفر جاری و ساری ہے۔ پاکستان نے مقامی طور پر تیار کردہ فتح-ون (گائیڈڈ ملٹی لانچ راکٹ سسٹم) کا کامیاب آزمائشی تجربہ کیا جو روایتی جنگی ہتھیار لے جانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ ہتھیاروں کا یہ نظام پاک فوج کو دشمن کی سرزمین پر مزید اندر تک ہدف کی درستی کی صلاحیت فراہم کرے گا۔ 

واضح رہے کہ پاکستان نے اپنی دفاعی صلاحیتوں میں اضافہ کرتے ہوئے رواں سال چار میزائل تجربات کئے ہیں۔ بیلسٹک میزائل غزنوی کا کامیاب تجربہ کیا گیا تھا۔  سنگل اسٹیج سالڈ فیول راکٹ موٹر کا حامل غزنوی میزائل 320 کلومیٹر تک اپنے ہدف کو کامیابی سے نشانہ بنا سکتا ہے۔ اس سے قبل رواں سال زمین سے زمین پر مار کرنے والے بیلسٹک نو سو رینج کے حامل میزائل شاہین ون-اے کا کامیاب تجربہ کیا گیا۔ جبکہ پاکستان نے 11 فروری کو بابر کروز میزائل کا کامیاب تجربہ کیا تھا جو 450 کلومیٹر فاصلے تک زمین اور سمندر میں اہداف کو نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ اس سے قبل 3 فروری کو بھی 290 کلومیٹر تک ہدف کو نشانہ بنانے والے بیلسٹک میزائل غزنوی کا کامیاب تجربہ کیا گیا تھا۔ یہ سب تجربات اس بات پر مہر تصدیق ثبت کرتے ہیں کہ اللہ کے فضل و کرم سے پاکستان کا دفاع ناقابلِ تسخیر بن چکا ہے اور دشمن کا کوئی وار، ہتھکنڈہ یا سازش اسے زیر نہیں کر سکتے۔

 بشکریہ روزنامہ جنگ

Post a Comment

0 Comments